دھونی زخمی، آخری میچ میں شمولیت مشکل

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 5 جنوری 2013 ,‭ 13:09 GMT 18:09 PST
مہند سنگھ دھونی

دھونی نے پاکستان کے خلاف اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہند سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ ان کی کمر میں تکلیف ہے اس لیے پاکستان کے خلاف شاید وہ آخری ون ڈے میچ نہ کھیل سکیں۔

دلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں سے بات چيت میں انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ ان کی جگہ وکٹ کیپر مرلی کارتک کو موقع دیا جائے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان آخر ون ڈے میچ اتوار کو دلی میں کھیلا جائےگا۔ تین میچوں کی سیریز پاکستان پہلے ہی جیت چکا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں دھونی نے کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گيا کہ اتوار کے میچ کی کپتانی کون کرےگا ’کیونکہ میرے کھیلنے یا نہ کھیلنے پر حتمی فیصلہ اتوار کی صبح کیا جائے گا۔‘

اس موقع پر بھارتی کپتان نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے پاس پانچ گيند باز ہیں اور وہ بڑی متوازن ٹیم ہے۔

ان سے جب یہ پوچھا گيا کہ اس وقت دلی میں زبردست سردی پڑ رہی ہے تو اس کا میچ پر کیا اثر پڑ سکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو اس طرح کی سردی میں میچ کھیلنے کی عادت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو ہونے والا میچ اتنی سخت سردی میں بھارتی ٹیم کے لیے پہلا میچ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اتوار کوئی بھی کھلاڑی زخمی نہیں ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں دھونی نے کہا کہ ابھی یہ طے نہیں ہے کہ آخری میچ میں اوپنر اجنکیا راہنے کو کھلایا جائے گا یا نہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔