پی سی بی ایوارڈز:سعید اجمل کامیاب ترین کرکٹر

آخری وقت اشاعت:  اتوار 13 جنوری 2013 ,‭ 22:37 GMT 03:37 PST

بہترین بولر منتخب ہونا میرے لیے باعثِ مسرت ہے:سعید اجمل

آئی سی سی کی طرز پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ایوارڈز کی پہلی تقریب میں آف سپنر سعید اجمل چار ایوارڈز کے ساتھ سرفہرست رہے ہیں۔

انہیں ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بہترین بولر کے علاوہ مجموعی طور پر سال کا بہترین بولر بھی قرار دیا گیا۔

سنیچر کو لاہور میں منعقدہ تقریب میں پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز محمد حفیظ کے حصے میں آیا جبکہ فاسٹ بولر جنید خان سال کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی قرار پائے۔

بلے بازوں میں حالیہ دورۂ بھارت میں دو سنچریاں بنانے والے ناصر جمشید ایک روزہ کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی طرز میں بھی دو ہزار بارہ کے بہترین بلے باز منتخب ہوئے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ایوارڈ اظہر علی کے حصے میں آیا۔

تقریب میں سابق کپتان امتیاز احمد اور حنیف محمد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے انہیں ٹرافیاں دیں۔

اس کے علاوہ ذوالفقار بابر کو ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین بولر اور حارث سہیل کو بہترین بلے باز کا اعزاز ملا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد سعید اجمل کا کہنا تھا کہ ’یہ ایوارڈ حاصل کرنا قابلِ فخر ہے لیکن میرے لیے بہترین ٹیسٹ بولر کا اعزاز سب سے اہم ہے کیونکہ ٹیسٹ میچوں میں بولنگ کے لیے فٹنس، عزم اور مہارت درکار ہوتی ہے‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ایک ایسے بولنگ اٹیک میں جس کا کوئی ثانی نہیں ہے، بہترین بولر منتخب ہونا میرے لیے باعثِ مسرت ہے۔‘

ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا کہ اب یہ ایوارڈ پاکستانی کرکٹ کیلنڈر کا مستقل حصہ ہوں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔