پاکستان آئر لینڈ میں دو ون ڈے کھیلے گا

آخری وقت اشاعت:  پير 21 جنوری 2013 ,‭ 12:05 GMT 17:05 PST

یہ خبر آئرش کرکٹ کے لیے بہت بڑی خبر ہے: فل سائمن

آئر لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئر لینڈ میں مئی میں دو ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔

آئر لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق یہ میچ تئیس اور چھبیس مئی کو آئر لینڈ میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم رواں برس چھ جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والی چیمپئین شپ میں شرکت کرنے کے لیے ایک ہفتے کے لیے آئر لینڈ میں قیام کرے گی۔

آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ فِل سائمن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورے کے حوالے سے بتایا کہ یہ خبر آئرش کرکٹ کے لیے بہت بڑی خبر ہے اور ہم اس سیریز کے انعقاد کے لیے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے بہت ممنون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا شمار ایک روزہ میچ کھیلنے والی اچھی ٹیموں میں ہوتا ہے اور یہ ہماری ٹیم کی کاررکردگی جانچنے کا ایک اہم موقع ہو گا۔

فِل سائمن کے مطابق ماضی میں ہماری ٹیم کا پاکستانی ٹیم کے ساتھ سامنا ہوا اور آئرش کرکٹ کی پیدائش اسی روز ہو گئی تھی جب ہم نے سنہ دو ہزار سات کے عالمی کرکٹ کپ کے ایک میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ اس جیت کے بعد آئر لینڈ نے بین الاقوامی کرکٹ میں توجہ حاصل کی۔

آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا کہنا ہے کہ آنے والا سیزن ہمارے لیے بہت مصروف ہو گا اور اس سیزن میں ہم آسٹریلیا اے کے خلاف چار روزہ میچ کھیلنے کے علاوہ بنگلہ دیش کے خلاف تجویز کردہ سیریز اور انگلینڈ کے خلاف ’آر ایس اے‘ چیلنج بھی کھیلیں گے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور نے آئر لینڈ کے خلاف مئی میں کھیلے جانے والے میچوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم آئر لینڈ کے خلاف کھیلنے کے لیے بے چین ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے اپنی کاررکردگی میں بہتری دکھائی ہے اور ہم ان کے خلاف مثبت کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔