انگلینڈ نے سات وکٹوں سے بھارت کو ہرا دیا

آخری وقت اشاعت:  اتوار 27 جنوری 2013 ,‭ 05:57 GMT 10:57 PST
ایان بیل

ایئن بیل نے اپنے کیريئر کی تیسری سنچری بنائی

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دھرم شالہ میں کھیلے گئے پانچویں ایک روزہ میچ میں ایئن بیل کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو سات وکٹوں سے شکت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت تین میچ جیت کر پہلے ہی سیریز جیت چکا تھا اور آخری میچ میں انگلینڈ کی فتح کے بعد پانچ میچوں کی سیریز کا نتیجہ تین دو رہا۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی اور بھارت کی ٹیم49.4 اوورز میں 226 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میچ میں نمایاں کارکردگی کے لیے ایئن بیل کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا جبکہ بھارت کے سوریش رائنا کو سیریز میں بہتر کارکردگی پر مین آف دی سیریز قرار دیا گيا۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان الیسٹر کک کے ساتھ ایئن بیل نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے محتاط انداز میں بلے باز کی۔

کک چالیس گیندوں میں پانچ چوکوں کے مدد سے بائیس رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

دوسری جانب بیل مستقل مزاجی سے کھیلتے رہے اور انھوں نے ایک سو تینتیس گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور ایک سو تیرہ رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ ان کے کیریئر کی تیسری سنچری تھی اور بھارت کے خلاف دوسری۔

ان کے ساتھ مورگن نے چوراسی رنز کی شراکت داری نبھائی اور تین چھکوں کی مدد سے چالیس رنز بنائے۔

کیون پیٹرسن صرف چھ رنز بنا سکے اور انہیں سمیع احمد نے آوٹ کیا۔ جو روٹ نے اکتیس رنز بنائے اور وہ روندر جڈیجہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اس کے بعد بیل اور اوئن مورگن نے ذمے داری سے بلے بازی کرتے ہوئے انگلیند کو جیت سے ہمکنار کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو مقررہ پچاس اوورز سے پہلے ہی آوٹ کر لیا۔

سوریش رینا

سوریش رینا کو سیریز میں بہتر کارکردگی کے لیے مین آف دا سیریز دیا گیا

بھارتی بلے باز انگلینڈ کی گیند بازی کے سامنے زیادہ جم کر نہ کھیل سکے اور سوائے سوریش رائنا کے کوئی بھی اہم بلے باز نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

رائنا نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے تراسی رنز بنائے جبکہ اوپنر گوتم گھمبیر نے چوبیس رنز بنائے۔

گزشتہ میچ میں افتتاحی بلے باز کے طور پر اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے والے روہت شرما صرف چار رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ویرات کوہلی پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔

اس کے بعد یوراج سنگھ بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد دھونی صرف پندرہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ رویندر جڈیجہ نے انچالیس، اشون نے انیس اور گیند باز بی کمار نے اکتیس رنز بنائے۔

ایک وقت پر انچاس کے سکور پر بھارت کے چار کھلاری آؤٹ ہو چکے تھے اور اناسی رنز پر پانچویں وکٹ گر گئی تھی۔ اس کے بعد رینا نے آخری بلے بازوں کے ساتھ مل کر بھارت کے سکور کو دو سو چھبیس رنز تک پہنچایا۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹم بریسنین نے پینتالیس رنز کے عوض چار کھلاڑی آؤٹ کیے ۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔