پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی فتح

آخری وقت اشاعت:  پير 4 فروری 2013 ,‭ 10:41 GMT 15:41 PST

ڈیل سٹین نے میچ میں مجموعی طور پر ساٹھ رنز کے عوض گیارہ وکٹیں حاصل کیں

جوہانسبرگ میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دو سو گیارہ رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے چار سو اسّی رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم کھیل کے چوتھے دن دو سو اڑسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پیر کو جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو فتح کے لیے مزید دو سو ستانوے رنز درکار تھے جبکہ اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔

پاکستان کو دن کا پہلا نقصان اسد شفیق کی وکٹ کی شکل میں اٹھانا پڑا جو اپنے انفرادی سکور میں تین رن کا اضافہ کرنے کے بعد ڈیل سٹین کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

کپتان مصباح الحق بھی آج زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد سٹین کا تیسرا شکار بنے۔ مصباح الحق اور اسد شفیق کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے ایک سو ستائیس رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

فلینڈر نے سرفراز احمد کی وکٹ کی شکل میں اپنی ٹیم کو ساتویں کامیابی دلوائی، وہ صرف چھ رنز بنا سکے۔

سعید اجمل کو مورکل نے آؤٹ کیا جبکہ آؤٹ ہونے والے نویں بلے باز عمر گل تھے جن کی وکٹ ڈیل سٹین نے حاصل کی۔

جنید خان بھی ڈیل سٹین کا ہی شکار بنے جنہوں نے اس میچ میں مجموعی طور پر ساٹھ رنز کے عوض گیارہ وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر ابراہم ڈی ویلیئرز نے میچ میں گیارہ کیچ کر کے نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔

اس ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جو پاکستان کا کسی بھی ٹیسٹ اننگز میں سب سے کم سکور ہے۔

جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچھہتر رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی اور پاکستان کو فتح کے لیے چار سو اسی رنز کا ہدف دیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔