آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیریز جیت لی

آخری وقت اشاعت:  بدھ 6 فروری 2013 ,‭ 15:34 GMT 20:34 PST

آسٹریلیا نے اب تک کھیلے گئے تینوں میچوں میں عمدہ کھیل پیش کیا ہے

آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبیرا میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 39 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اووروں میں سات وکٹوں نے نقصان پر 329 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے اننگز کی خاص بات اوپنر شین واٹسن کے شاندار 122 رنز تھے۔ انھوں نے جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے یہ سکور 111 گیندوں پر بنایا جس میں 12 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

فلپ ہیوز نے شین واٹسن کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 86 رنز کی عمدہ باری کھیلی۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 112 رنز جوڑے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان سیمی اور سپن باؤلر سنیل نرائن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ایک موقعے پر 35 اووروں میں اس کا سکور صرف دو وکٹوں نے نقصان پر 195 رنز تھا۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے دو جارحانہ کھلاڑی کرس گیل اور کائرون پولارڈ آنا باقی تھے۔

تاہم یہ دونوں علی الترتیب دو اور نو رنز ہی بنا پائے۔ اس کے بعد سکورنگ میں اضافے کی کوشش میں ویسٹ انڈیز کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 47.3 اووروں میں 290 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیرن براوو نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 86 رنز بنائے۔ جب کہ ان کے سوتیلے بھائی ڈیون براوو نے 51 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی طرف سے بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے نئے فاسٹ باؤلر جیمز فاکنر نے 8.3 اووروں میں 48 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا چوتھا میچ آٹھ فروری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔