پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کی فتح

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 9 فروری 2013 ,‭ 11:45 GMT 16:45 PST

انگلش بلے بازوں نے اننگز میں پندرہ چھکے لگائے

انگلینڈ نے آک لینڈ میں تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو چالیس رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو انگلش بلے بازوں نے ایڈن پارک کے چھوٹے میدان کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

انگلینڈ نے پندرہ چھکوں کی مدد سے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو چودہ رنز بنائے جو کہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں انگلینڈ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

انگلش بلے بازوں میں سے اوئن مورگن چھبیس گیندوں پر چھیالیس، لیوک رائٹ بیس گیندوں پر بیالیس جبکہ بٹلر سولہ گیندوں پر بتیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلش اننگز کے دوران نیوزی لینڈ کی فیلڈنگ بھی معیاری نہ تھی اور کیوی فیلڈرز نے پانچ کیچ چھوڑے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چوہتر رنز ہی بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کو اننگز کے آغاز میں ہی اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے ہمیش ردرفرڈ اور برینڈن میککلم کی وکٹوں کی شکل میں نقصان اٹھانا پڑا۔

ایک وقفے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم میں واپس آنے والے سابق کپتان راس ٹیلر صرف تیرہ رنز ہی بنا سکے۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان سٹورٹ براڈ نے چار جبکہ سٹیون فن نے تین وکٹیں لے کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

سیریز کا دوسرا میچ بارہ فروری کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔