ٹینس: ایزارنکا اور ندال کی جیت

آخری وقت اشاعت:  پير 18 فروری 2013 ,‭ 05:51 GMT 10:51 PST
ندال اور ڈیوڈ

ندال نے سات مہینے کے بعد جیت کے ساتھ واپسی کی ہے

اگرایک جانب سپین کے سٹار کھلاڑی رافیل ندال نے برازیل اوپن جیت کر کامیاب واپسی کی ہے تو دوسری جانب بیلا روس کی وکٹوریا ایزارنکا نے ورلڈ نمبر ون کا خطاب گنوانے کے بعد قطر اوپن میں کامیابی کے ساتھ اپنے اعزاز کا دفاع کیا ہے۔

سپین کے سٹار ٹینس کھلاڑی رافیل ندال نے اتوار کو ڈیوڈ نلبینڈیئن کو سیدھے سیٹوں میں شکست دے کر برازیل اوپن خطاب جیت لیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال فرنچ اوپن کے بعد کسی ٹورنامنٹ میں یہ ان کی پہلی جیت ہے۔ انھوں نے چھ، دو اور چھ، تین سے یہ مقابلہ آسانی کے ساتھ جیت لیا۔

وہ گذشتہ سات ماہ سے گھٹنوں میں چوٹ کے سبب کھیل کے میدان سے باہر تھے لیکن 11 بار گرینڈ سلیم جیتنے والے ندال نے اپنے پسندیدہ کلے یعنی مٹی کے کورٹ پر واپسی کی اور کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

اب وہ 25 فروری سے شروع ہونے والے میکسیکن اوپن میں شامل ہونے والے ہیں۔

دوسری جانب قطر اوپن میں خواتین کا اعزاز بیلاروس کی کھلاڑی وکٹوریا ایزارنکا نے سیرینا ولیمز کو ایک کڑے مقابلے کے بعد شکست دے کر حاصل کیا۔

جمعے کو جاری ہونے والی نئی رینکننگ میں ہر چند کہ سیرینا ولیمز نے ازارینکا سے دنیائے ٹینس کی نمبر ایک پوزیشن کا اعزاز حاصل کر لیا ہے لیکن وہ ایزارنکا کو میچ جیتنے سے نہ روک سکیں۔

وکٹوریا نے پہلے سیٹ میں سات، چھ سے کافی محنت کے بعد جیت حاصل کی لیکن دوسرا سیٹ وہ آسانی کے ساتھ چھ، دو سے ہار گئیں۔

تیسرے سیٹ میں ایک بار پھر وہ اپنے رنگ میں نظر آئيں اور انھوں نے یہ سیٹ چھ، تین سے جیت کر اپنے اعزاز کا کامیابی کے ساتھ دفاع کیا۔

اس جیت کے ساتھ انھوں نے سیرینا کے خلاف لگاتار شکست کے سلسلے کو توڑ دیا۔ دونوں میں اب تک 12 بار مقابلے ہو چکے ہیں جن میں سے وکٹوریا صرف دو بار ہی فاتح رہی ہیں۔

اس جیت کے بعد انھوں نے کہا کہ وہ اس ميچ میں کڑے مقابلے کے لیے تیار تھیں اور میچ میں واپسی کرنے کے تمام امکانات کو اپنے حق میں کرنے کے لیے تیار تھیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں قطر بہت پسند ہے اور یہاں ان کی کافی خاطر مدارات ہوتی ہے اور لوگ ان کے کھیل کو پسند کرتے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔