جے سوریا اور مرلی دھرن پاکستان میں کھیلنے پر تیار

آخری وقت اشاعت:  بدھ 27 فروری 2013 ,‭ 14:12 GMT 19:12 PST
سنتھ جے سوریا

سنتھ جے سوریا گزشتہ سال انٹرنیشنل الیون کے ساتھ پاکستان آئے تھے

سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز مرلی دھرن اور سنتھ جے سوریا نے پاکستان کے قومی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

انہیں یہ پیشکش سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کی تھی جو اسوقت سوئی نادرن گیس کی ٹیم کے کوچ ہیں۔ اس ٹیم میں مصباح الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، عمر اکمل، عدنان اکمل اور توفیق عمر جیسے ٹیسٹ کرکٹرز کھیلتے ہیں۔

باسط علی نے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ دنوں سری لنکا میں ورلڈ میمن کمیونٹی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے موقع پر ان کی ملاقات سنتھ جے سوریا اور مرلی دھرن سے ہوئی تھی۔ انہوں نے ان دونوں کرکٹرز کو پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن میں ہونے والے ایک روزہ ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی طرف سے کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی جس پر دونوں کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آکر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

سنتھ جے سوریا گذشتہ سال اکتوبر میں انٹرنیشنل الیون کے ساتھ پاکستان آئے تھے ۔ان میچوں کا انعقاد ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم نے کیا تھا۔

باسط علی نے کہا کہ سوئی نادرن گیس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس ضمن میں خط بھی لکھا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قواعد وضوابط کے مطابق غیرملکی کرکٹرز مہمان کھلاڑی کے طور پر کھیل سکتے ہیں۔

باسط علی کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹرز اگر پاکستان آکر کھیلتے ہیں تو ان کی سکیورٹی اور معاوضوں کی ادائیگی کی ذمہ داری سوئی نادرن گیس پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی کرکٹرز کو لانے میں ہمارے کرکٹرز بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ ان کے غیرملکی کرکٹرز سے ذاتی تعلقات بھی قائم ہیں اور وہ غیرملکی کرکٹرز کو پاکستان میں کھیلنے کے لیے قائل کرسکتے ہیں۔

باسط علی نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ انتہائی نازک حالات سے گزر رہی ہے اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسے بین الاقوامی سطح پر تنہا کیا جا رہا ہے لیکن انہیں یقین ہے کہ پاکستان سپر لیگ ضرور منعقد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ دونوں ملکوں میں ہونے والی لیگ میں کرکٹرز کی شرکت کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہونے کے باوجود بنگلہ دیشی ٹیم کے سری لنکا کے دورے کی تاریخوں میں رد و بدل کر دیا جو سپر لیگ کی تاریخوں سے متصادم ہیں۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔