’ساری دنیا میچ دیکھنے کے لیے رک جائےگی‘

آخری وقت اشاعت:  منگل 5 مارچ 2013 ,‭ 13:24 GMT 18:24 PST

کوئی نہیں جانتا کہ کیا ہوگا کیونکہ دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں: مورینہو

ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے مینیجر ہوزے مورینہو نے کہا ہے کہ منگل کو یورپی چیمپیئنز لیگ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ان کی ٹیم اور برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کا میچ یقیناً شائقین کی توقعات پر پورا اترے گا۔

ریال میڈرڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے درمیان کوارٹر فائنل مرحلے میں پہلا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا اور اب دوسرا میچ منگل کو اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ہوزے مورینہو نے کہا ہے کہ ’دنیا اس میچ کو دیکھنے کے لیے رک جائے گی۔ میرے خیال میں اس سے زیادہ توقعات کسی مقابلے سے وابستہ نہیں کی جا سکتیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کوئی نہیں جانتا کہ کیا ہوگا کیونکہ دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں۔‘

اس میچ کے لیے ریال میڈرڈ کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ وہ پانچ دن میں دو مرتبہ ہسپانوی لیگ میں اپنی روایتی حریف ٹیم بارسلونا کو شکست دے چکے ہیں۔

ریال میڈرڈ نے پہلے چھبیس جنوری کو کوپا ڈیل رے مقابلے کے سیمی فائنل میں اور پھر ہسپانوی لیگ لا لیگا کے ایک میچ میں بارسلونا کو ہرایا تھا۔

ہوزے مورینہو کے مطابق ان میچوں کا نتیجہ جو بھی ہوتا ہمارے احساسات ایسے ہی ہوتے۔

ادھر ریال میڈرڈ کی مدِمقابل مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم بھی بھرپور فارم میں ہے۔

اس کلب نے پانچ دسمبر سے کسی بھی مقابلے میں کوئی میچ نہیں ہارا اور جہاں وہ ایف اے کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہے وہیں انگلش پریمیئر لیگ میں بھی سرفہرست ہے۔

مورینہو نے کہا کہ ’مانچسٹر یونائیٹڈ کی فارم بہت اعلیٰ ہے۔ وہ کئی ماہ سے کوئی میچ نہیں ہارے لیکن ہم بھی 2013 میں بہترین فارم میں ہیں۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔