وریندر سہواگ بھارتی ٹیم سے باہر

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 7 مارچ 2013 ,‭ 07:56 GMT 12:56 PST

وریندر سہواگ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں ناکام رہے تھے

بھارت کے افتتاحی بلے باز وریندر سہواگ کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور چوتھے کرکٹ ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

تاہم ان کی جگہ کسی نئے کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں کے لیے بھارتی سلیکشن کمیٹی نے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کیا تھا تاہم اگلے دو میچوں کے لیے چودہ رکنی ٹیم سامنے آئی ہے۔

سہواگ خاصے عرصے سے فارم میں نہیں ہیں اور انہوں نے چنئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف دو اور دوسری میں انیس رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد حیدر آباد ٹیسٹ میں بھارت نے ایک ہی اننگز کھیلی تھی اور اس میں بھی وہ صرف چھ رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔

سہواگ کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد مرلی وجے کے ساتھ اننگز شروع کرنے کے لیے مہندر سنگھ دھونی کے پاس اجنكيا رہانے اور شیکھر دھون کی شکل میں دو بلے باز دستیاب ہیں۔

تاہم یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ آیا بھارتی کپتان دو ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم میں تبدیلی کرنا چاہیں گے یا نہیں۔

سہواگ کے علاوہ ہربھجن سنگھ کو بھی ٹیم میں جگہ نہ ملنے کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں مگر وہ اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرا کرکٹ ٹیسٹ 14 مارچ سے 18 مارچ تک موہالی میں اور چوتھا میچ 22 سے 26 مارچ تک دلی میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔