اذلان شاہ ہاکی، پاکستان کی جیت

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 9 مارچ 2013 ,‭ 14:21 GMT 19:21 PST

گذشتہ برس اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی

ملائیشیا میں کھیلے جانے والے بائیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے دفاعی چیمپیئن نیوزی لینڈ کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کی فتح میں اہم کردار محمد عمران نے ادا کیا جنہوں نے تین گول کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

سنیچر کو ملیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 19ویں منٹ میں محمد عمران نے پنلٹی کارنر پر کیا۔ دو منٹ بعد عبدالحسیم خان نے محمد وقاص کے پاس پر گول کر کے پاکستان کو دو صفر کی برتری دلا دی۔

سات منٹ بعد کھیل کے 28ویں منٹ میں محمد عمران نے پنلٹی کارنر پر دوسرا گول کر کے پاکستان کی برتری تین گول کر دی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلا گول 30ویں منٹ میں کین رسل نے ٹیم کو ملنے والے تیسرے پنلٹی کارنر پر کیا۔

پہلے نصف حصے کے اختتام پر سکور پاکستان کے حق میں تین ایک تھا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی گول پر یکے بعد دیگرے کئی حملے کیے۔

اس جارحانہ کھیل کا صلہ انہیں میچ کے 52ویں منٹ میں ملا جب بلیئر ٹیرنٹ نے دوسرا گول کر دیا۔ تین منٹ بعد اینڈی ہیورڈ نے ایک اور پنلٹی کارنر پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

میچ کا فیصلہ کن گول محمد عمران نے 58ویں منٹ میں کیا اور پاکستان کی یہ برتری میچ کے آخر تک قائم رہی۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ اتوار دس مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

ٹورنامنٹ کے پہلے دن ہونے والے دیگر میچوں میں آسٹریلیا نے بھارت کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی جبکہ دن کا تیسرا میچ جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔

نو سے سولہ مارچ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے علاوہ آسٹریلیا، بھارت، جنوبی کوریا اور میزبان ملائیشیا شریک ہیں۔

پاکستان نےاس ٹورنامنٹ میں بھیجی جانے والی قومی ٹیم میں چار جونیئر کھلاڑیوں تصورعباس، عمران جونیئر، عامر شہزاد اور عرفان سینیئر کو پہلی بار شامل کیا ہے جبکہ ٹیم کے چار سینیئر ارکان رضوان سینیئر، محمد راشد، شکیل عباسی اورمحمد وسیم کو آرام دینے کی غرض سے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

گذشتہ برس اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی اور وہ ساتویں اور آخری نمبر پر آئی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔