بیکہم کی چین میں فٹبال کی ذمہ داریاں

آخری وقت اشاعت:  بدھ 20 مارچ 2013 ,‭ 08:23 GMT 13:23 PST

برطانیہ کے فٹ بال کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم چین میں فٹبال کے سفیر کے طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے بیجنگ پہنچ رہے ہیں۔

ان کی نئی ذمہ داریوں میں چین میں لیگ میچوں میں شرکت اور مختلف کلبوں کے دورے کرنا شامل ہے تاکہ بچوں میں فٹبال کے کھیل کو فروغ دیا جا سکے۔

ان کی تقری رواں ماہ کے شروع میں ہوئی تھی اور اس وقت چین فٹبال کے اس سکینڈل کے اثر سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا جس میں میچ فکسنگ کے الزامات میں درجنوں اعلیٰ اہلکاروں، کھلاڑیوں اور ریفریز کو جیل بھیج دیا گیا یا پابندی عائد کر دی گئی۔

سینتیس سالہ ڈیوڈ بیکہم اس کے ساتھ پیرس سینٹ جرمین کلب کے لیے بھی کھیلیں گے۔

رواں ماہ کے شروع میں انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ’وہ چینی سپورٹس کے مداحوں میں دنیا کے ایک عظیم کھیل کو فروغ دینے کے امکان پر بہت خوش ہیں‘۔

بی بی سی کے جان سیڈورتھ کا کہنا ہے ایک ارب تیس کروڑ کی آبادی میں ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ کے قریب نوجوان منظم فٹبال کی کوئی نہ کوئی شکل کھیلتے ہیں۔

نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ٹیلی ویژن پر فٹبال دیکھنے والے شائقین کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور یہ مقامی لیگ میچ دیکھنے کی بجائے غیر ملکی فٹبال کھیلوں کو دیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

فروری میں میچ فکسنگ کے الزامات کی تین سال کی تفتیش کے بعد چین کی فٹبال ایسوسی ایشن نے تینتیس فٹبال کھلاڑیوں اور حکام پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔

فٹبال لیگ کے دو سابق سربراہوں کو جون سال دو ہزار بارہ میں بدعنوانی کے الزامات میں جیل بھیج دیا گیا تھا اور چار ماہ بعد ملک کے اعلیٰ ترین ریفری لیو ژون کو رقم کے عوض کھیل پر اثر انداز ہونے کے الزام میں سزائے قید دی گئی۔

چین کی قومی فٹبال ٹیم بھی سال دو ہزار چودہ کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔

ڈیوڈ بیکہم اپنے چار روزہ دورے کے دوران پرائمری سکول کے بچوں کے ساتھ تربیتی سیشن کریں گے اور بیجنگ سمیت تین شہروں کے فٹبال کلبوں کا دورہ کریں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔