اعصام، جولین نے سونی اوپن چیمپیئن شپ جیت لی

امریکہ کے شہر میامی میں پاکستان کے ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور ان کے ساتھی نیدرلینڈ کے جولین روزے نے سونی اوپن چیمپیئن شپ جیت لی ہے۔

مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں اعصام الحق اور ان کے ساتھی جولین روزے نے ڈبلز فائنل میں پولینڈ کی جوڑی فرسٹنبرگ اور میکوسکی کو چھ چار اور چھ ایک سے شکست دی۔

اعصام الحق اور ان کے ساتھی ٹینس ڈبلز کی عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر جبکہ ان کے مدِ مقابل پولینڈ کی جوڑی آّٹھویں نمبر پر ہے۔

اس سے قبل اعصام اور ان کے ساتھی نے سیمی فائنل میں سپین کی عالمی نمبر دو رینکنگ کی جوڑی کو شکست دی تھی۔

اعصام الحق اور ان کے ساتھی جولین کی یہ تیسری جیت ہے۔

اس سے قبل اعصام نے کہا ’میں بہت خوش ہوں۔ ہم دونوں کو معلوم تھا کہ اس بڑے ٹورنامنٹ کو جیتنے کے لیے بہت محنت کرنی ہو گی۔ سال کے شروع ہی میں اتنی بڑی کامیابی مجھے کبھی نہیں ملی اس لیے میں بہت خوش ہوں۔‘

جولین کا کہنا تھا ’میامی آ کر بہت اچھا لگتا ہے۔ اگر میں کوئی بڑا ٹورنامنٹ جیت سکتا ہوں تو اسی جگہ جیت سکتا ہوں۔ یہ ٹورنامنٹ جیتنا میرے لیے گرینڈ سلیم جیتنا ہے۔‘

جب اعصام سے پوچھا گیا کہ دونوں کھلاڑی کس طرح جیت کا جشن منائیں گے تو اعصام کا کہنا تھا ’میں نے میامی کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے۔ لیکن جب سے میں آیا ہوں میں باہر نکلا۔ جولین الٹرا فیسٹ گیا تھا جب وہاں سویڈش ہاؤس مافیا پرفارم کر رہا تھا لیکن وہ مجھے اپنے ساتھ نہیں لے کر گیا۔ مجھے امید ہے جولین نے کوئی پلان بنایا ہو گا آج شام کے لیے۔‘

دوسری جانب خواتین کے سنگلز کے فائنل میں سیرینا ولیمز نے ماریا شراپووا کو چار چھ، چھ تین اور چھ صفر سے شکست دے کر سونی اوپن چیمپیئن شپ جیت لی۔

اسی بارے میں