گرینڈ نیشنل کا فاتح گھُڑ سوار شدید زخمی

Image caption تئیس سالہ سکاٹش رائن مینیا نے اپنے گھوڑے ’اورورا اینکور‘ کو اینٹری کے مقام پر سڑسٹھ ایک سے سنیچیر کو کامیابی دلائی۔

برطانیہ میں سنیچر کو ہونے والی مشہورگھڑ دوڑ ’گرینڈ نیشنل‘ کے فاتح گھڑسوار رائن مینیا ایک دوڑ کے دوران گھوڑے سےگرنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

ہیکسیم کے مقام پر منعقد ہونے والی اس دوڑ میں گرنے کی وجہ سے رائن مینیا کی گردن اور کمر میں شدید چوٹیں لگی ہیں۔

تئیس سالہ سکاٹش جوکی نے اپنے گھوڑے ’اورورا اینکور‘ کو گرینڈ نیشنل میں سڑسٹھ ایک سے کامیابی دلائی۔

اتوار کو ہیکسم میں ہونے والی ایک اور دوڑ کے دوران وہ ایک رکاوٹ عبور کرتے ہوئے گر پڑے تھے۔

مینیا نے جن کی حالت اب بہتر بتائی جاتی ہے بعد میں ایک ٹویٹ کے زریعے پیغام دیا کہ ’آپ سب کے پیغامات کا شکریہ اور میں بہت بہتر ہوں۔ اور میں ایک اور دن ہسپتال میں رہ کر کچھ مزید سکین کرواؤں گا جس کے بعد گھر واپس جاؤں گا‘۔

مینیا برطانیہ کی قومی فاتح ٹرینر سو سمتھ کے لیے ہیکسم کے مقام پر ’سٹیج کوچ جیسپر‘ نامی گھوڑا دوڑا رہے تھے۔

Image caption گرنے سے ایک گھنٹہ قبل ان کی یہ تصویر اورورا اینکور کے ساتھ لی گئی جس پر سوار ہو کر انہوں نے گرینڈ نیشنل جیتی تھی۔

اس سے ایک گھنٹہ قبل انہوں نے اپنے فاتح گھوڑے اورورا اینکور کے ساتھ اسطبل میں تصویر کھنچوائی جو کہ مغربی یارک شائر میں واقع ہے۔

انہیں کندھوں کے بلیڈز کے درمیان شدید چوٹ لگی جب وہ گھوڑے سے گرے اور انہیں آدھے گھنٹے تک ریس کے میدان پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی مگر بعد میں ایک ہیلی کاپٹر کے زریعے ہسپتال لیجایا گیا۔

ہسپتال لیجانے کے وقت وہ ہوش میں تھے مگر انہیں ایک کمر کی ہڈی کو محفوظ رکھنے والے سٹریچر پر رکھ کر لیجایا گیا۔

انہیں نیوکاسل میں واقع رائل وکٹوریہ انفرمری لیجایا گیا جہاں ان کی حالت بہتر بتائی گئی ہے مگر اس سے قبل ریس کے میدان پر ان کی چوٹوں کو انتہائی تشویشناک قرار دیا گیا تھا۔

مینیا کا ایک ایم آر آئی سکین کیا جائے گا تاکہ ان کی چوٹوں کے بارے میں تسلی کی جا سکے۔

Image caption مینیا برطانیہ کی قومی فاتح ٹرینر سو سمتھ کے لیے ہیکسم کے مقام پر ’سٹیج کوچ جیسپر‘ نامی گھوڑا دوڑا رہے تھے۔

گریٹ نارتھ ائیر ایمبولینس سروس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’مینیا کو گردن اور کمر پر چوٹیں لگیں جب وہ اپنے گھوڑے سے انتہائی تیز رفتاری کی حالت میں گرہ اور پھر وہ ایک اور گھوڑے سے ٹکرائے بھی جب وہ زمین پر گرے ہوئے تھے۔‘

’انہیں درد سے بچنے کے لیے انتہائی طاقت کا ادویات دی گئیں تھیں اور اب وہ بہتر حالت میں ہیں۔‘

پال سٹرتھرز جو پروفیشنل جوکی ایسوسی ایشن کے سربراہ ہیں نے ٹویٹ کی کہ ’مینیا ہسپتال میں ہیں اور ان کے دوست اور رشتہ دار ان کے ساتھ ہیں۔ وہ اپنے کچھ سکینز کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہمیں امید رکپنی چاہیے اور اتنا خطرہ نہیں ہے جتنا پہلے سوچا گیا تھا۔ مینیا آپ تمام لوگوں کی جانب سے آنے والی نیک تمناؤں پر اپ کا مشکور ہے۔ ہمیں جیسے ہی مزید تفصیلات ملیں گی ہم آپ تک پہنچائیں گے۔‘

اسی بارے میں