گول لائن ٹیکنالوجی کے استعمال کی منظوری

برطانیہ کی انگلش پریمیئر لیگ کی فٹ بال ٹیموں نے جمعرات کو گول لائن ٹیکنالوجی کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

بی بی سی سپورٹس کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ گول لائن ٹیکنالوجی کا معاہدہ برطانیہ کی ہاک آئی کمپنی کو دیا گیا ہے جو کرکٹ اور ٹینس میں بھی استعمال کی جاتی ہے۔

یہ فیصلہ انگلش پریمیئر لیگ کے فٹ بال کلب کے اہم میچوں میں ہونے والی غلطیوں کے بعد کیا گیا۔

گول لائن ٹیکنالوجی کے نظام کو برطانیہ میں رواں برس اگست میں شروع ہونے والے سیزن میں متعارف کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے فٹ بال کی گورننگ باڈی نے گول کنٹرول کو ایک بین الاقومی میچ کے لیے تجربے کے طور پر منتخب کیا ہے۔

ہاک ہائی سسٹم میں ہر گول میں چھ کیمرے استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ بال پر نظر رکھی جا سکے۔

یہ سسٹم فٹبال کی صحیح جگہ بتاتا ہے اور جب فٹبال گول لائن عبور کر لیتا ہے تو یہ ریڈیو سگنل ریفریز کے ہاتھوں میں بندھی ہوئی گھڑیوں میں پہنچتا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ گول ہوا ہے کہ نہیں۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن بورڈ نے گزشتہ سال فٹبال کے کھیل میں گول لائن ٹیکنالوجی سسٹم کو استعمال کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

اسی بارے میں