فرنینڈو اولونسو نے چائنیز گراں پری جیت لی

Image caption چین کے شہر شنگھائی میں منعقد ہونے والی فارمولا ون کی ریس چائنیز گراں پری فرنینڈو اولونسو نے جیت لی ہے

چین کے شہر شنگھائی میں منعقد ہونے والی فارمولا ون کی ریس چائنیز گراں پری فرنینڈو اولونسو نے جیت لی ہے۔

لوٹس کی کار چلانے والے کمی رائیکونن ریس میں دوسرے جبکہ مرسڈیز کی کا چلانے والے برطانوی ڈرائیور لیوس ہملٹن تیسرے نمبر پر رہے۔

موجودہ چیمپئن سبیسشن ویٹل معمولی فرق سے چوتھے نبمر پر رہے۔

فرنینڈو اولونسو نے ریس میں تیرہ چکروں کی برتری حاصل کر لی اور مدمقابل کمی رائیکونن سے دس سیکنڈ پہلے اختتامی لائن عبور کر گئے۔

لیوس ہیملٹن، سبیسشن ویٹل سے محض سیکنڈ کے دو سو دسویں حصے کی برتری سے تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

ریس کے اختتام کے بعد اولونسو نے کہا کہ ’ریس شروع ہی سے انکے حق میں رہی اور ٹائروں کی کارکردگی بھی انکی توقع سے بہتر رہی۔‘

ریس ٹائروں کے بہتر استعمال کی حکمت عملی سے کھیلی گئی اور پہلے نمبر پر آنے والے تینوں ریسرز نے نرم ٹائروں پر اپنی رفتار آغاز میں ہی مستحکم کیا اور ریس کے شروع میں ہی اپنی سبقت قائم کرلی۔

انکا کہنا تھا کہ سیزن کا آغاز بہت اچھا ہے اور اب تک دو ریسوں میں وہ دوسرے اور پہلے نمبر پر رہے ہیں۔