عمرگل چوٹ کے باعث چیمپیئنز ٹرافی سے باہر

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر عمر گل گھٹنے کی چوٹ کے باعث جون میں کھیلے جانے والی چیمپیئنز ٹرافی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ آسٹریلین سرجن نے عمر گل کے گھٹنے کا معائنہ کر کے ان کو سرجری کروانے کا مشورہ دیا ہے۔

’ڈاکٹر ایلیگزینڈر ڈیوڈ ینگ نے عمر گل کا معائنہ کر کے اپنی ابتدائی رپورٹ میں عمر کے گھٹنے میں چوٹ کی تصدیق کی ہے اور مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے لیے آٹھ سے بارہ ہفتوں کا وقت دیا ہے۔‘

عمر گل کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ کے بعد گھٹنے میں تکلیف ہوئی تھی اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف آخری دو ایک روزہ میچ نہیں کھیلے تھے۔

پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز تین دو سے ہار گیا تھا۔

ڈاکٹر ینگ اس سے قبل کئی بین الاقوامی کھلاڑیوں کے آپریشن کر چکے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں پاکستان فاسٹ بولر شعیب اختر اور سابق کپتان انضمام الحق بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے سینیئر بلے باز یونس خان کو ٹیم میں شامل نہیں کیا۔

چیمپیئنز ٹرافی انگلینڈ میں تین سے تئیس جون تک کھیلی جائے گی۔ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان پول بی میں ہے اور اس پول میں بھارت، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ بھی شامل ہیں۔

پاکستان کا پہلا میچ سات جون کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہو گا، دس جون کو جنوبی افریقہ اور پندرہ جون کو بھارت کے خلاف میچ ہو گا۔

اسی بارے میں