ہرارے: زمبابوے نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا

برینڈن ٹیلر
Image caption زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے دونوں اننگز میں سنچری سکور کی

ہرارے میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان زمبابوے نے بنگلہ دیش کو 335 رنز سے شکست سے دی ہے۔

زمبابوے نے مہمان ٹیم کو فتح کے لیے 483 رنز کا ہدف فراہم کیا تھا تاہم دوسری اننگز میں بھی بنگلہ دیش کی بیٹنگ ناکام رہی اور پوری ٹیم 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی جانب سے محمد اشرفل 40 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ان کے علاوہ ظہور الاسلام، محمود اللہ اور ناصر حسین ہی کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرے تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

زمبابوے کی جانب سے کریمر نے چار اور جاروس نے تین وکٹیں لیں۔ جاروس نے پہلی اننگز میں بھی چار وکٹیں لی تھیں۔

اس سے قبل چوتھے دن کھانےکے وقفے سے قبل زمبابوے نے اپنی دوسری اننگز سات وکٹ کے نقصان پر 277 رنز پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

Image caption روبیل السلام نے دوسری اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے کے کپتان برنڈن ٹیلر نے دوسری اننگز میں بھی سنچری بنائی اور 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں بھی 171 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

زمبابوے کی دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کے روبیل السلام نے 71 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو بلے بازی کی دعوت دی تھی اور زمبابوے کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 389 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 25 سے 29 اپریل تک ہرارے میں ہی کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں