بھارت کاسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے انکار

محمد آصف
Image caption چیمپئن شپ میں عالمی چیمپئن محمد آصف سمیت پاکستان کے آٹھ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں

29 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ ہفتے کے روز سے کراچی میں شروع ہورہی ہے جس میں پاکستان سمیت چودہ ممالک شریک ہیں۔

بھارت نے چیمپئن شپ میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

بھارت کا یہ فیصلہ اس لیے غیرمتوقع نہیں کیونکہ اس نے سکیورٹی کے خدشات کے سبب پاکستان کے ساتھ ہونے والی سنوکر سیریز کے لیے بھی اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنے کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ یکم مئی سے اسلام آباد میں ہونے والی ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں بھی وہ شرکت نہیں کر رہا ہے۔

بھارت کی غیرحاضری کا مطلب یہ ہے کہ دفاعی چیمپئن ادیتا مہتہ اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کرسکیں گے ۔انہوں نے گزشتہ سال دوحا قطر کے فائنل میں ہموطن پنکج اڈوانی کو شکست دی تھی۔

فلپائن کی جانب سے آخری لمحات میں شرکت سے معذرت کے بعد اب پاکستان کے علاوہ تھائی لینڈ، افغانستان، چین، ہانگ کانگ، ایران، عراق۔ قطر، سنگاپور، جنوبی کوریا، سری لنکا، شام ، منگولیا اور متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی سات روز تک ہونے والے مقابلوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

پاکستان ایک مرتبہ ایشین سنوکر کا اعزاز جیت سکا ہے جب1998 میں محمد یوسف فاتح بنے تھے جبکہ دو کھلاڑی فرحان مرزا 1999 اور محمد سجاد 2010 میں رنر اپ رہے تھے۔

چیمپئن شپ میں پاکستان کے آٹھ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں عالمی چیمپئن محمد آصف قابل ذ کر ہیں۔

محمد آصف کے علاوہ صالح محمد وہ دوسرے کھلاڑی صالح محمد ہونگے جو افغانستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔

کراچی پانچویں مرتبہ ایشیائی ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔

بھارت کے یاسین مرچنٹ کی کراچی سے ہمیشہ سے خوشگوار یادیں وابستہ ہیں جنہوں تین مرتبہ یہاں ایشین چیمپئن شپ میں حصہ لیا ہے ایک مرتبہ وہ چیمپئن بنے جبکہ دو مرتبہ رنر اپ رہے۔

یاسین مرچنٹ اب بین الاقوامی سنوکر کو خیرباد کہہ چکے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ کراچی انہیں ہمیشہ یاد آتا ہے کیونکہ کراچی کے لوگ انہیں دل سے پکارتے ہیں۔

یاسین مرچنٹ نے ممبئی سے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ کراچی ان کا دوسرا گھر ہے اور انہیں یہاں آکر کھیلنے میں ہمیشہ خوشی محسوس ہوئی ہے اور یہاں ان کی کارکردگی بھی بہت اچھی رہی ہے۔

ایشین سنوکر چیمپئن شپ ایک ایسے وقت منعقد ہورہی ہے جب کراچی میں روزانہ دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں تاہم پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کو یقین ہے کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے سبب فائیو اسٹار ہوٹل میں یہ چیمپئن شپ خوش اسلوبی سے کھیلی جائے گی۔

اسی بارے میں