ہرارے: بنگلہ دیش کی فتح، سیریز برابر

ہرارے میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 143 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز برابر کر لی۔

زمبابوے کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 401 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 257 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

زمبابوے کی دوسری اننگز کی خاص بات ہیملٹن ماسے کدزا کی شاندار سنچری تھی۔ انھوں نے 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 111 رنز بنائے۔

تاہم ہیملٹن ماسے کدزا کے علاوہ زمبابوے کا کوئی بھی بلے باز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ ان کے علاوہ دوسری اننگز میں سیباندا نے 32 اور ریگس نے 22 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں ضیا الرحمن نے چار، شکیب الحسن نے تین اور روبیل اسلام نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے بنگلہ دیش نے نو وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں مشفق الرحمن نے نو چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے دوسرے نمایاں بلے باز ناصر حسین رہے، انھوں نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے دوسری اننگز میں شنگی ماسے کدزا نے چار اور ہیملٹن ماسے کدزا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جمعے کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

اسی بارے میں