سر ایلکس فرگوسن کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

برطانیہ کے فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے مینیجر سر ایلکس فرگوسن چھبیس سال بطور مینیجر رہنے کے بعد اس سال عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

اکہتر سالہ فرگوسن چھ نومبر 1986 کو رون ایٹکنسن کے بعد ٹیم کے مینیجر مقرر ہوئے تھے۔ یونائٹیڈ نے فرگوسن کے دور میں بشمول اس سال کی پریمیئر لیگ کے 38 ٹرافیاں جیتیں۔

کلب نے ان کے دور میں تیرہ پریمیئر لیگ ٹائیلٹل، دو چیمپیئنز لیگ، پانچ ایف اے کپ اور چار لیگ کپ جیتے۔

فرگوسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر میں بہت سوچ بچار کے بعد پہنچا ہوں۔ اور یہ صحیح وقت ہے۔‘

انہوں نے کہا ’میرے لیے یہ بہت ضروری تھا کہ میں کلب کو مستحکم پوزیشن میں چھوڑوں اور میرا یقین ہے کہ اس وقت کلب بہت مستحکم پوزیشن میں ہے۔‘

فرگوسن مینیجر کے عہدے سے ریٹایرمنٹ کے بعد کلب کے ڈائریکٹر اور سفیر کی حیثیت میں کام کریں گے۔

انہوں نے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کلب کو بہترین بنانے میں ان کی مدد کی۔

’میں اپنے خاندان کا شکر گزار ہوں۔ میری اہلیہ کیتھی نے میرے کیریئر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسی بارے میں