ذکا اشرف پی سی بی کے چیئرمین منتخب

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے تحت ذکا اشرف کو چار سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے تمام کرکٹ بورڈز کو اپنے آئین جمہوری انداز میں مرتب کرنے کے لیے کہا تھا تاکہ ان کے معاملات حکومتی مداخلت کے بغیر چلائے جاسکیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے گزشتہ دنوں بورڈ کا نیا آئین آئی سی سی کے حکام کو پیش کیا تھا۔

ذ کا اشرف کو اکتوبر دو ہزار گیارہ میں صدر آصف علی زرداری نے اعجاز بٹ کی جگہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔

نئے آئین کے تحت ان کا انتخاب بدھ کے روز اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔

چیئرمین کے عہدے کے لئے ذکا اشرف کے علاوہ لاہور سٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرمین آفتاب احمد خان امیدوار تھے تاہم ذکا اشرف اتفاق رائے سے چیئرمین منتخب کر لیے گئے۔

انتخابی عمل کے لیے صدر پاکستان نے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ہیں جسٹس ( ریٹائرڈ) مولوی انوار الحق اور سیکرٹری ایجوکیشن اور ٹریننگ چوہدری قمر زمان کو نامزدگی کمیٹی کے لیے مقرر کیا تھا۔

اس کمیٹی کے لیے کرکٹ بورڈ کی طرف سے نوید اکرم چیمہ اور محمد رفیق بوگھیو مقرر کیے گئے تھے۔

اسی بارے میں