میسی پر فلم ورلڈ کپ کے وقت ریلیز ہوگی

Image caption فلم میں فٹبال کے میدان پر میسی کے کارناموں اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ ارجینٹینا میں ان کے بچپن کے خراب حالات کو دکھانے کی کوشش کی جائے گی

امریکی پروڈکشن کمپنی ’ایپک پکچر گروپ‘ نے ارجنٹینا کے معروف فٹبال کھلاڑی لیونل میسی کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو ورلڈ کپ سے پہلے ریلیز کے لیے تیار ہوگی۔

لاس اینجلس کی کمپنی نے فلم بنانے کے لیے میسی کی سوانحِ حیات پر مبنی کتاب کے حقوق حاصل کرنے اس کا اعلان کیا ہے۔

اس فلم میں فٹبال کے میدان پر میسی کے کارناموں اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ ارجینٹینا میں ان کے بچپن کے خراب حالات کو دکھانے کی کوشش کی جائے گی۔

بچپن میں میسی کو ہارمون کی کمی جیسی سنگین بیماری کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے لیے ان کا علاج کرنا پڑا اور اس پہلو کو بھی فلم میں پیش کیا جائے گا۔

پچیس سالہ میسی مستقل چار برسوں سے دنیا کے بہترین فٹ بالر کے لیے بیلن ڈی اور ایوارڈ سے نوازے جاتے رہے ہیں۔

ایپک پکچرگروپ کا کہنا ہے کہ اسے امید ہے کہ یہ فلم سنہ دو ہزار چودہ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے مکمل ہوجائے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے ابھی اس نے فلم کے تقسیم کار کا فیصلہ نہیں کیا گيا ہے اور سکرپٹ رائٹر اور ہدایات کاروں سے بات چيت چل رہی ہے۔

بیان میں کہا گيا ہے، ’مقصد ایک ایسی طاقت ور اور مثبت فلم بنانا ہے جو ناظرین میں اپنے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی تحریک پیدا کر سکے، چاہے یہ ان کے لیے نا ممکن ہی کیوں نہ ہو۔‘

یہ فلم لوکا کیولیز کی کتاب ’میسی‘ پر مبنی ہے۔ یہ کتاب میسی کی سوانحِ حیات ہے جو ان کے سابق کوچ، اہل خانہ، ٹیم کے ساتھیوں اور خود میسی کے ساتھ انٹرویوز پر مبنی ہے۔

اسی بارے میں