سپاٹ فکسنگ: سخت ترین کارروائی کی دھمکی

این سری نواسن
Image caption بی بی سی آئي کے سربراہ نے سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے

بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سربراہ نے آئی پی ایل میچوں میں سپاٹ فکسنگ معاملے میں ملوث تین بھارتی کرکٹروں پر سخت ترین کارروائی سے نہ گریز کرتے ہوئے تاحیات پابندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

بی سی سی آئی نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ وہ شری سنت کے خلاف کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کے تحت قانونی چارہ جوئی بھی کرے گی۔

این سری نواسن نے بھارت کے جنوبی شہر چینئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایل میں مبینہ سٹے بازی پر نظر رکھنے کے لیے نئے قوانین وضع کیے جائیں گے۔

تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ سٹے بازوں پر بی سی سی آئی کا کوئی کنٹرول نہیں ہے اور یہ کہ اس کے لیے آئی پی ایل ذمے دار نہیں ہے۔ انھوں نے کرکٹ کو بچانے کے لیے اور اس کی مقبولیت کو برقرار رکھنے کے لیے عوام سے اپیل کی۔

انھوں نے کہا کہ دہلی پولیس سپاٹ فکسنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور بی سی سی آئی ان سے پوری طرح تعاون کرے گی۔

واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے جمعرات کو انڈین پریمیئر لیگ کے دوران سپاٹ فکسنگ کے الزام میں راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں اور گیارہ سٹہ بازوں کو گرفتار کیا تھا۔

گرفتار ہونے والے کھلاڑیوں میں بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شری سنت کے علاوہ انکت چوہان اور اجیت چنڈیلیا شامل ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ان تینوں کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا۔

Image caption سٹے بازی کی بات سامنے آنے سے لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے

اس کے بعد ممبئی پولیس نے شری سنت کے کمرے سے لیپ ٹاپ موبائل فون، ڈائریاں اور کچھ نقدی بھی برآمد کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ ان سے سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں بہت سی باتیں سامنے آئیں گی۔

بی سی سی آئی کی اس ہنگامی میٹنگ میں راجستھان رائلز کی انتظامیہ کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

کرکٹ میں کرپشن کے تدارک کے طور پر سری نواسن نے کہا کہ اب سے ہر آئی پی ایل ٹیم کا اینٹی کرپشن سپیشل یونٹ افسر ہوگا اور کسی بھی کھلاڑی سے وہی رابطہ کرے گا۔

اس کے علاوہ سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں بی سی سی آئی نے اپنی جانچ کمیٹی بنائي ہے اور روی سوانی کو اس کا کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

اس تحقیق کے بعد ہی بی سی سی آئی ان کھلاڑیوں کے بارے میں فیصلہ کرے گا جو سپاٹ فکسنگ میں مورد الزام ہیں۔

دریں اثنا راجستھان رائلز نے کہا ہے کہ وہ حراست میں لیے گئے تینوں کھلاڑیوں کے خلاف عوام کو دھوکا دینے کے لیے ایف آئي آر درج کرے گی۔

آئی پی ایل کمیشنر راجیو شکلا نے کہا کہ بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کی سوموار کو چینئی میں میٹنگ ہوگی جس میں مستقبل کا لائحۂ عمل طے کیا جائے گا۔

اسی بارے میں