بائرن میونخ چیمپیئنز لیگ کی فاتح

Image caption بائرن میونخ نے پانچویں بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے

یورپ میں کلب فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ نے ہم وطن کلب بوروشیا ڈورٹمنڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔

لندن کے ویمبلی ایرینا میں سنیچر کی شام کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

میچ کا آغاز انتہائی تیزی سے ہوا اور پہلے ہاف کے خاتمے تک کھیل اسی رفتار سے جاری رہا لیکن کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔

دوسرے ہاف میں بھی کھیل کی رفتار پہلے کی طرح تیز تھی اور آخرِ کار کھیل کے انسٹھویں منٹ میں بائرن کے ماریو مینڈزوکچ نے میچ کا پہلا گول کیا۔

نو منٹ بعد ہی ڈورٹمنڈ کے الکے گندوگان نےگول کر کے میچ ایک ایک سے برابر کر دیا۔

بائرن میونخ کی جانب سے میچ کا دوسرا اور فیصلہ کن گول آئیرین روبن نے مقررہ وقت ختم ہونے سے ایک منٹ پہلے کیا اور اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ جتوا دیا۔

رواں سیزن میں بائرن میونخ کی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور اس سے قبل وہ جرمن فٹبال لیگ بھی جیت چکی ہے۔

بائرن میونخ کی ٹیم اس سے پہلے گزشتہ تین برس میں دو مرتبہ فائنل میں پہنچی تھی اور دونوں مرتبہ اسے شکست ہوئی تھی۔ گزشتہ برس الائنز ارینا میں ہونے والے فائنل میں اسے برطانوی کلب چیلسی نے پنلٹی شوٹ آؤٹ میں ہرایا تھا۔

چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں یہ پانچواں موقع ہے کہ ٹورنامنٹ بائرن میونخ نے جیتا ہے۔

بائرن میونخ اگلے ہفتۂ آخر کو جرمن کپ کا فائنل بھی کھیل رہی ہے اور لیگ پہلے ہی جیت چکنے کے بعد یہ اس کی تیسرا ٹائٹل ہو سکتا ہے۔

یہ بائرن کے کوچ یوپ ہینکیس کے لیے بہترین الوداعی انعام ہو گا جو اس سیزن کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔

اسی بارے میں