ڈبلن:پاکستان نے آئرلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

Image caption پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کر لیا

ڈبلن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی جانب سے کامران اکمل نے 81 اور وہاب ریاض نے 47 رنز بنا کر سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔

پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کر لیا اور اس میں نمایاں اننگز کامران اکمل کی تھی جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

آئرلینڈ کی جانب سے ٹموتھی جیمز مرتاگ، ٹرینٹ جونسٹن اور ایلکس کیوسیک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جارج ڈوکریل اور کیون اوبرائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے تریالیس اور مصباح الحق میں چوبیس رنز بنائے۔

ڈبلن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پچاس اوروں میں 229 رنز سکور کیے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 230 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

اس سے قبل آئرلینڈ کی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے دونوں اوپنر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ای سی جوائس نے عمدہ بیٹگ کی اور سینچری سکور کی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ای سی جوائس کا ساتھ اوبرائن بھائیوں نے دیا۔این جی اوبرائن نے انتیس رنز جبکہ کی جے اوبرائن نے اڑتیس سکور کیے۔اس کے علاوہ کوئی کھلاڑی دس کا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔

پاکستان کی جانب سے پہلا ون ڈے کھیلنے والے اسد علی نے عمدہ بولنگ کی اور دس اوروں میں صرف بائیس رنز دیئے۔

Image caption نوجوان فاسٹ بولر اسد علی نے انتہائی نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا

اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

اس میچ کے لیے آئرش سکواڈ میں ایک جبکہ پاکستانی سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

آئرلینڈ نے اینڈریو وائٹ کی جگہ جیمز شینن کو دی ہے جو اپنا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔

پاکستان نے اپنے بولنگ اٹیک کو بدلا ہے اور سعید اجمل، محمد عرفان اور احسان عادل تینوں اس میچ میں نہیں کھیل رہے۔

دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابر رہا تھا۔ پاکستان نے بارش سے متاثرہ اس میچ میں 47 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے تھے۔

ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت آئرلینڈ کی ٹیم کو فتح کے لیے 276 رنز کا ہدف دیا گیا لیکن وہ مقررہ اوورز میں 275 رنز ہی بنا سکی تھی۔

اسی بارے میں