ہیڈنگلے:انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز جیت لی

Image caption انگلینڈ کے بالرگرائم سوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 247 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 467 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 220 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں راس ٹیلر نے 9 چوکوں کی مدد سے 70 جبکہ ردر فورڈ نے 6 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار بالرگرائم سوان نے ادا کیا جنہوں نے دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی 6 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز کی خاص بات کپتان ایلسٹر کک کی شاندار سنچری تھی۔

انھوں نے دوسری اننگز میں 18 چوکوں کی مدد سے 130 جبکہ ٹراٹ نے 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ولیمسن نے 3 اور ویگنر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کے بالرگرائم سوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعے کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسی بارے میں