بوائڈ رینکن کی انگلش ٹیم میں واپسی

انگلش کاؤنٹی واروکشائر کے تیز بالر بوائڈ رینکن کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ دو میچوں کے لیے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

انگلش بالر سٹورٹ براڈ اور سٹیون فِن آج نیوزی لینڈ کے خلاف ساؤتھ ہیمٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میں میں زخمی ہونے کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے لارڈز میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے میچ میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ 28 سالہ بوائڈ رینکن نے سنہ 2011 میں انگلینڈ کی جانب سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔

اس سے پہلے بوائڈ رینکن آئرلینڈ کی جانب سے 37 ایک روزہ میچ کھیل چکے ہیں۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک کا کہنا ہے کہ جب جیمز ہیرس کو انگلش سکواڈ میں شامل کیا گیا تو انھوں نے اپنی کاررکردگی سے سب کو متاثر کیا۔

انھوں نے کہا جب آپ کے پاس پانچ بالرز ہوں تو آپ کے پاس ورائٹی ہوتی ہے۔

دوسری جانب سٹورٹ براڈ اور سٹیون فِن کو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں کھلانے سے پہلے ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔

سٹورٹ براڈ نیوزی لینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے جانےوالے دوسرے ٹیسٹ میں زخمی ہو گئے تھے۔

انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 247 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے بعد انگلینڈ چھ جون سے شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔

انگلینڈ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے کا پہلا میچ آٹھ جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

اسی بارے میں