نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز جیت لی

برطانیہ کے شہر ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان انگلینڈ کو 86 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کی بدولت نیوزی لینڈ کو انگلینڈ پر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اتوار کو کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے مارٹن گپتل کی جارجانہ اننگز کی بدولت انگلینڈ کو فتح کے لیے 360 رنز کا ہدف دیا لیکن انگلش ٹیم پینتالیسویں اوور میں 273 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اسے بارہ رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم اس کے بعد مارٹن گپتل نے پہلے ولیمسن پھر راس ٹیلر اور آخر میں برینڈن میکللم کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔

اس دوران انہوں نے اس سیریز میں لگاتار دوسری سنچری بھی مکمل کی۔

گپتل نے 19 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 189 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بھی 103 رنز بنائے تھے۔

مارٹن گپتل کے علاوہ راس ٹیلر اور ولیمسن نے نصف سنچریاں بنائی۔ ٹیلر نے 60 اور ولیمسن نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن 65 رنز کے عوض دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔

جواب میں انگلش اوپنرز نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز دیا لیکن اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور جوناتھن ٹراٹ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

ٹراٹ نے 109 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میکلینگہن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اسی بارے میں