کارڈف:افتتاحی میچ میں بھارت کی فتح

Image caption رویندر جدیجا نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا

انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 26 رن سے شکست دے دی ہے۔

کارڈف میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو بھارت نے پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز کا مجموعہ بنایا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ دیکھیں

جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پچاسویں اوور کی آخری گیند پر 305 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں بھارت نے گروپ بی کا یہ پہلا میچ جیت لیا۔

جنوبی افریقہ کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 31 کے مجموعی سکور پر گر گئی تھیں لیکن اس کے بعد رابن پیٹرسن اور ابراہم ڈی ویلیئرز نے تیسری وکٹ کے لیے 124 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ پیرسٹن کے 68 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہونے پر ہوا۔

ڈی ویلیئرز نے 70 رنز بنائے، انہیں امیش یادو نے آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے باقی بلے بازوں میں سے ریان میکلیرن نے بھی نصف سنچری بنائی جو ایک روزہ کرکٹ میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔ وہ 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ان کے علاوہ دیگر بلے باز قابلِ ذکر اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

بھارت کی جانب سے رویندر جدیجا، امیش یادو، بھوونیشور کمار اور ایشانت شرمانے دو، دو وکٹیں لیں۔

Image caption ابراہم ڈی ویلیئرز نے سات چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلی

اس سے قبل بھارت کی اننگز افتتاحی بلے بازوں کی نئی جوڑی روہت شرما اور شکھر دھون نےشروع کی۔ ان دونوں بلے بازوں نے ابتدائی اوورز میں تو محتاط انداز اپنایا لیکن وکٹ پر کچھ وقت گزارنے کے بعد جارحانہ انداز میں کھیلنا شروع کر دیا اور چھ رن فی اوور سے زیادہ کی اوسط سے رن بنائے۔

روہت نے اس دوران نصف سنچری بھی مکمل کی۔ انہوں نے شکھر کے ساتھ مل کر 127 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ بائیسویں اوور میں اس وقت ہوا جب روہت شرما 65 رنز بنا کر میکلیرن کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی شکھر نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور دوسری وکٹ کے لیے ویرات کوہلی کے ساتھ 83 رنز کی شراکت قائم کی۔ وہ سنچری بنانے کے بعد 114 کے انفرادی سکور پر ڈومینی کا پہلا شکار بنے۔

مڈل آرڈر کے بھارتی بلے بازوں میں سے کوئی بھی بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہ ہوا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ تاہم آخر میں رویندر جڈیجا نے 29 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر بھارت کو ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے میکلیرین تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ سوٹسوبے نے دو اور ڈومینی نے ایک وکٹ لی اور ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

Image caption بھارت نے افتتاحی میچ میں نئی اوپننگ جوڑی میدان میں اتاری ہے

جنوبی افریقہ ماضی میں 1998 اور بھارت 2002 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر اس ٹورنامنٹ کا فاتح رہا ہے۔ٹورنامنٹ میں بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ماضی میں دو مرتبہ مدِمقابل آ چکی ہیں اور دونوں مرتبہ فتح بھارت کی ہی ہوئی۔

آئی سی سی کے مطابق یہ چیمپیئنز ٹرافی کا آخری مقابلہ ہے اور اس کے بعد وہ اس قسم کا ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ انگلینڈ اور ویلز میں چھ جون سے شروع ہو کر 18 دن تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

گروپ اے میں انگلینڈ کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ بی میں بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی۔

اسی بارے میں