رفائل نڈال آٹھویں بار فرنچ اوپن کے فاتح

Image caption نڈال کوئی بھی گرینڈ سلام آٹھ بار جیتنے والے پہلے کھلاڑی ہیں

ہسپانوی ٹینس سٹار رفائل نڈال نے اپنے ہم وطن ڈیوڈ فیرر کو شکست دے کر آٹھویں بار فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا ہے۔

پیرس میں کھیلے جانے والے مردوں کے سنگلز فائنل میں ستائیس سالہ نڈال نے چھ تین، چھ دو اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ نڈال ایک بار پھر’مٹی کے کورٹ‘ کے بہترین کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

فائنل میچ کے دوران بارش کے علاوہ ایک اور مشکل دوسرے سیٹ کے دوران سٹینڈز میں جاری ایک احتجاجی مظاہرہ بھی تھی۔

ایک تماشائی کورٹ میں اترنے میں کامیاب بھی ہوگیا تاہم سکیورٹی کے عملے نے فورا اُس پر قابو پا لیا۔

اس واقعے کے بعد جلد ہی نڈال میچ جیت کر آٹھ بار فرنچ اوپن جیتنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

اُن کے حریف ڈیوڈ فیرر اکتیس سال کی عمر میں اپنا پہلا اہم فائنل میچ کھیل رہے تھے اور انھوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نڈال کو کافی مشکل میں ڈالے رکھا جو کہ شاید نتائج سے ظاہر نہیں ہوتا۔

دونوں کھلاڑیوں کو میچ کے آغاز میں مشکلات کا سامنا رہا اور تیسرے اور چوتھے سیٹ میں سروس بریکس کا تبادلہ ہوتا رہا تاہم نڈال نے بہترین بیک ہینڈ شاٹس کھیل کر پہلے سیٹ میں چار تین کی برتری حاصل کر لی۔

میچ میں رکاوٹ اس وقت پیدا ہوئی جب چند تماشائیوں نے سٹینڈز میں ہی احتجاج شروع کر دیا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو میچ روکنا پڑا۔ اس کے تھوڑی دیر بعد ہی ایک تماشائی نے کورٹ میں اترنے کی کوشش کی تاہم حفاظتی عملے نے اُسے فوراً گرفتار کر لیا۔

نڈال کی آٹھویں فرنچ اوپن کامیابی نے کسی بھی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں کسی ایک کھلاڑی کی سب سے زیادہ فتوحات کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ سیمپراس اور راجر فیڈرر نے سات سات مرتبہ ومبلڈن ٹونامنٹ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

اسی بارے میں