بھارت ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیمی فائنل میں

Image caption بھارت کے اوپننگ بلے بازوں نے 101 رنز کا سٹینڈ فراہم کیا

انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جا رہی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی کے چھٹے میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

اوول میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے اور جواب میں بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر 39.1 اوورز میں 234 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کی جانب سے شرما اور دھاون نے اننگز شروع کی اور ایک سو ایک رنز کی شراکت داری قائم کی جبکہ دھاون ایک سو دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کے علاوہ شرما نے 52 اور کارتھک نے 51 رنز بنائے۔میچ بارش کی وجہ سے کچھ دیر روکنا بھی پڑا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات سیمی کی آخری دو اوورز میں دھواں دار بیٹنگ تھی۔ ویسٹ انڈیز کے 182 رنز پر نو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تاہم سیمی کی چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز نے سکور کو 233 رنز تک پہنچا دیا۔

دونوں ٹیمیں سنہ انیس سو تیراسی کے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ میں پہلی بار مدمقابل تھیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور چارلس نے اننگز شروع کی اور چارلس 60 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

بھارت کی جانب سے جدیجا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے گروپ بی میں ویسٹ انڈیز نے اوول کے میدان میں ہی پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے جنوبی افریقہ کو 26 رنز سے ہرا تھا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم: کرس گیل، جانسن چارلس، براؤ، سیموئلز، ڈی جے براؤ، ساروان، پولارڈ، سیمی، نارائن، روچ اور رام پال شامل ہیں۔

بھارت کی ٹیم: دھاون، شرما، کوہلی، کارتھک، رائنا، دھونی، جدیجا،ایشوان،آئی شرما، کمار اور یادو شامل ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق یہ چیمپیئنز ٹرافی کا آخری مقابلہ ہے اور اس کے بعد وہ اس قسم کا ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ انگلینڈ اور ویلز میں چھ جون سے شروع ہو کر 18 دن تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

اسی بارے میں