ڈنمارک کے کار ریس ڈرائیور حادثے میں ہلاک

Image caption ایلن اس ریس میں ساتویں بار حصہ لے رہے تھے

فرانس میں ہونے والی کار ریس لو موں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ریس کے دوران حادثے میں ڈنمارک کے ڈرائیور ایلن سیمنسن ہلاک ہوگئے ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ چونتیس سالہ ایلن کی گاڑی ایسٹن مارٹن ریس شروع ہونے کے دس منٹ بعد بےقابو ہوئی اور اطراف میں لگے حفاظتی بیریئر سے ٹکرا گئی۔

منتظمین کے مطابق ان کو ریس کورس میں قائم میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لا سکے۔

یہ ریس 1997 سے ہر سال ہوتی ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ اس میں کسی ڈرائیور کی موت ہوئی ہے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے ’ایلن کو میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاسکے۔‘

اس حادثے کی وجوہات کی تےقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔

ایلن اس ریس میں ساتویں بار حصہ لے رہے تھے۔

اس حادثے کے بعد ریس ایک گھنٹے کے لیے روک دی گئی اور بیریئر کی مرمت کی گئی۔

ایلن کی موت سے قبل 1986 میں آسٹرین ڈرائیور جو گارٹنر کی موت اس وقت ہوئی جب وہ 260 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سیدھے حفاظتی بیریئر سے ٹکرائے۔