کنفڈریشن کپ: فائنل میں میزبان برازیل فاتح

Image caption کنفڈریشن کپ میں برازیل کی یہ مسلسل تیسری فتح ہے

فٹبال کے کنفڈریشن کپ کے فائنل میں میزبان برازیل نے عالمی چیمپیئن سپین کو تین صفر سے شکست دے دی ہے۔

شہر ریو ڈی جنیرو کے ماراکانہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں برازیلی کھلاڑی فریڈ نے دو جبکہ نیمار نے ایک گول کیا۔

کنفڈریشن کپ میں برازیل کی یہ مسلسل تیسری فتح ہے۔

میچ میں زیادہ تر وقت برازیلی ٹیم مہمان ٹیم پر حاوی رہی۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں ہسپانوی کھلاڑی سرگیو راموس پیلنٹی کک کا فائدہ بھی نہ اٹھا سکے اور جب میچ میں بائیس منٹ رہ گئے تو ہسپانوی کھلاڑی جیراڈ پکی کو ایک فاؤل کی وجہ سے کھیل سے باہر کر دیا گیا۔

سنہ انیس سو پچھتر سے اب تک برازیل کی ٹیم اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے کوئی اہم میچ نہیں ہاری۔ سپین نے آخری بار برازیل کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر سنہ انیس سو چونتیس میں شکست دی تھی۔

دوسری جانب اس موقع پر ملک میں مظاہرے بھی جاری ہیں۔ یہ مظاہرے اس ماہ آغاز میں شروع ہوئے تھے اور ان میں شامل افراد کا مطالبہ تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کیا گیا دس فیصد اضافہ واپس لیا جائے۔ تاہم اب یہ مظاہرے ایک ملک گیر احتجاج بن گئے ہیں اور مظاہرین بہتر تعلیم، سکولوں اور آمد و رفت کے نظام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مظاہرین کی شکایات میں اہم 2014 میں فٹ بال کے عالمی کپ اور 2016 میں ریو میں ہونے والے اولمپک مقابلوں کے اخراجات ہیں۔

اسی بارے میں