سہ فریقی ٹورنامنٹ میں بھارت کی کامیابی

Image caption اس بار بھی چیمپیئنز ٹرافی کی طرح وننگ شاٹ دھونی کے حصے میں آیا

ویسٹ انڈیز میں کھیلے جا رہے سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

ٹاس جیت کر بھارت نے جب سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو سری لنکن ٹیم نے دس وکٹوں کے نقصان پر دو سو دو رنز بنائے۔

بھارتی ٹیم نے یہ ہدف اُنچاس اعشاریہ چار اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

بھارتی بیٹنگ میں کپتان مھندر سنگھ دھونی کی پینتالیس رنز کی ناقابلِ شکست اننگز اہم رہی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

چیمپیئنز ٹرافی کی طرح اس بار بھی وننگ شاٹ دھونی کے حصے میں آیا۔ میچ کے آخری اوور میں جب بھارت کو جیت کے لیے پندرہ رنز درکار تھے اور اس کی صرف ایک ہی وکٹ بچی تھی، دھونی نے صرف چار گیندوں میں ہی دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے یہ سکور پورا کر لیا۔

دھونی کے علاوہ بھارت کی جانب سے اوپنر روہت شرما نے اٹھاون رنز بنائے۔

سری لنکا کے بولروں میں بہترین رنگنا ہیراتھ تھے جنہوں نے دس اووروں میں بیس رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے سری لنکا کی بیٹنگ میں بہترین بلے باز کپتان سنگا کارا رہے جنہوں نے اکہتر رنز بنائے۔

بھارتی بولروں میں کامیاب ترین بولر روندر جدیجا تھے جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس ٹورنامنٹ کے بعد بھارتی ٹیم زمبابوے کے دورے پر جانے والی ہے جہاں وہ اپنا پہلا ایک روزہ میچ چوبیس جولائی کو کھیلے گی۔

ادھر دوسری جانب سری لنکن ٹیم اب جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گی اور اس دورے کا پہلا میچ بیس جولائی کو کولمبو میں ہوگا۔

اسی بارے میں