لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کی برتری 264 رنز

لارڈز میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز بنا لیے۔

انگلینڈ کو آسٹریلیا کے خلاف 264 رنز کی برتری حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر جو روٹ اور ٹم بریسنن کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 18 اور صفر رن بنایا تھا۔

انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور جو روٹ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

پہلی اننگز کی طرح انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور صرف 30 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں پیٹر سڈل نے تینوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 128 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور انگلینڈ کو آسٹریلیا کے خلاف 233 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے 30 جبکہ مائیکل کلارک نے 28 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے گریم سوان نے پانچ، ٹم بریسنن نے دو جبکہ جیمز اینڈرسن اور کرس براڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 361 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ٹم بریسنن اور جیمز اینڈرسن نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

جمعے کو دوسرے دن آسٹریلیا کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 289 رنز کے مجوعی سکور پر ٹم بریسنن 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

313 رنز کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی نویں وکٹ اس وقت گری جب جیمز اینڈرسن 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ریان ہیرس نے پانچ، سٹیون سمتھ نے تین اور شین واٹسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف 7 کٹوں کے نقصان پر 289 رنز بنائےتھے۔

انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور جو روٹ نے اننگـز کا آغاز کیا۔

انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 18 رنز کے مجموعی سکور پر ایلسٹر کک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ایک موقع پر صرف 28 رنز کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

ابتدائی نقصان کے بعد جوناتھن ٹراٹ اور این بیل نے انگلینڈ کی جانب سے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 99 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے این بیل نے 16 چوکوں کی مدد شاندار سنچری بنائی، وہ 119 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے دوسرے نمایاں بلے باز جوبی بیر سٹو رہے، انھوں نے 7 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو آسٹریلیا کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے پہلے ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو چودہ رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں