پہلے ون ڈے میں سری لنکا کی فتح

Image caption سنگاکارا نے ون ڈے کیریئر کی پندرہویں سنچری 169 رنز کی اننگز کھیل کر بنائی

کولمبو میں کھیلے جا رہے پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو 180 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے سنگاکارا کی عمدہ بلے بازی کی بدولت فتح کے لیے مہمان ٹیم کو تین سو اکیس رنز کا ہدف فراہم کیا لیکن جنوبی افریقن ٹیم بتیسویں اوور میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پیٹرسن 29 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ اور پریرا نے تین تین وکٹیں لے کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل سنیچر کو جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور جب ٹیم کا مجموعی سکور 23 رنز تھا تو اسے تلکارتنے دلشان کی وکٹ کی شکل میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔

اس موقع پر کمارا سنگاکارا اور اپل تھارنگا نے ٹیم کو سنبھالا اور دوسری وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس پارٹنر شپ کا خاتمہ اکیسویں اوور میں تھارنگا کے آؤٹ ہونے پر ہوا جو 43 رنز بنا کر مورکل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سنگاکارا نے ایک اینڈ سے عمدہ بلے بازی جاری رکھی اور ایک روزہ کرکٹ میں اپنی پندرہویں سنچری مکمل کی۔

اس دوران انہوں نے مہیلا جیا وردھنے کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے ایک اور اہم شراکت قائم کی اور خود وہ 169 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکل نے دو جبکہ مورس، میکلارن اور فنگیسو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسی بارے میں