سینٹ لوشیا: پاکستان نے میچ اور سیریز جیت لی

پاکستان نے سینٹ لوشیا میں کھیلے جانے والے پانچویں ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر میچ اور جیت لیا ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ روزہ میچوں کی سیریز تین ایک سے جیت لی ہے۔

سینٹ لوشیا میں کھیلے جا رہے پانچویں ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 243 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے مقررہ سکور چھ وکٹوں کے نقصان پر بنا لیا۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور مصباح نے اچھا کھیل پیش کیا۔ احمد شہزاد نے ایک سو گیندوں میں 64 رنز بنائے جبکہ مصباح نے 93 گیندوں میں 63 رنز بنائے۔

عمر اکمل اور مصباح نے مل کر پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی۔ عمر اکمل 28 گیندوں میں 37 رنز سکور کیے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈوائین براوو نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 48 جبکہ سیموئلز نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 45 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3، محمد عرفان اور سیعد اجمل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بدھ کو شروع ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

اس میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے اور پاکستان نے وہاب ریاض کی جگہ اسد علی کو کھلایا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے کیمار روچ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا۔

سینٹ لوشیا میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس کے تحت ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکت دے کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سینٹ لوشیا میں ہی کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرامیچ برابر ہو گیا تھا۔

گیانا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے کر سریز ایک ایک سے برابر کر لی تھی جبکہ گیانا میں ہی کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 126 رنز سے شکست سے دو چار کیا تھا۔

اسی بارے میں