پہلا ٹی 20: پاکستان کی آخری گیند پر جیت

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سینٹ ونسٹ کے کنگز ٹاؤن میدان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو آخری اوور میں دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ذوالفقار بابر نے تیز بارش میں آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہم کنار کیا۔

تفصیلی سکور کارڈ

ویسٹ انڈیز کے 152 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے عمر امین نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے جس میں نو چوکے شامل تھے۔ آفریدی نے آتے ہی پہلی گیند پر چھکا جڑ دیا، تاہم اس کے بعد انھوں نے ذمے داری سے بیٹنگ کی اور اس وقت آؤٹ ہوئے جب جیت کے لیے صرف آٹھ رنز باقی رہ گئے تھے۔

پاکستان کو آخری اوور میں چھ رنز درکار تھے، لیکن 34 سالہ ذوالفقار نے اپنے حواس قابو میں رکھے اور ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر اپنا ڈیبیو یادگار بنا دیا۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے شینن گیبریئل نے تین وکٹیں حاصل کیں، لیکن وہ بہت مہنگے ثابت ہوئے اور چار اووروں میں 44 رنز دے بیٹھے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے۔

پاکستانی سپن باؤلروں نے وکٹ پر موجود سپن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عمدہ باؤلنگ کی۔ کپتان محمد حفیظ نے دو اووروں میں صرف چار رنز دے کر دو وکٹیں لیں۔ تاہم حیران کن طور پر انھوں نے مزید اوور نہیں کیے اور آخری اوورز فاسٹ باؤلروں کو دے دیے، جو خاصے مہنگے ثابت ہوئے۔

سپنروں نے 5.28 کی اوسط سے رنز دیے اور پانچ وکٹیں بھی حاصل کیں، جب کہ فاسٹ باؤلروں نے صرف ایک وکٹ لے کر 12 سے زیادہ کی اوسط سے رنز دیے۔

پاکستانی باؤلنگ کی خاص بات اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ذوالفقار بابر کی شاندار باؤلنگ تھی، جنھوں نے 23 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کائرون پولارڈ نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 49 رنز بنائے، جب کہ سابق کپتان سیمی نے صرف 14 گیندوں پر 27 رنز بٹورے۔

براوو اور مارلن سیموئلز نے 25،25 رنز بنائے۔

میچ دو بار بارش کی وجہ سے روکا گیا۔ جوں جوں میچ اپنے اختتام کی طرف بڑھتا گیا، بارش میں بھی تیزی آتی گئی۔

مین آف دا میچ کا انعام شاہد آفریدی کو دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں