پالیکلے: سری لنکا نے میچ اور سیریز جیت لی

Image caption سری لنکا کے دلشان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

پالیکلے میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں پر مشتمل سیریز تین ایک سے جیت لی۔

سری لنکا نے 239 رنز کا مطلوبہ ہدف 44 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کی جیت میں اہم کردار دلشان اور سنگا کارا نے ادا کیا۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 184 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان نے 16 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 115 جبکہ سنگاکارا نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے۔

اس سے پہلے اتوار کی رات کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 238 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومنی نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 97 جبکہ ہاشم آملہ نے 9 چوکوں کی مدد 77 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے مینڈس نے 4، مالنگا نے 3 اور دلشان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کے دلشان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔