ایشز ٹیسٹ: آخری دن دلچسپ مقابلے کی امید

Image caption کیون پیٹرسن نے ایک سو تیرہ رنز بنائے اور انگلینڈ کو مشکل سے نکالا۔

مانچیسٹر میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کےچوتھے دن کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 172 رنز بنائے ہیں اور اس کے سات کھلاڑی آوٹ ہو چکے ہیں۔

آسٹریلیا کو اس وقت مجموعی طور پر 331 رنز کی برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے 527 رنز کے جواب میں 368 رنز بنائے اور میزبان ٹیم فالو آن سے تو بچ گئی ہے لیکن آسٹریلیا کی برتری ختم نہیں کر سکی۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے ٹم بریزنن اور جیمز اینڈرسن نے دو دو جبکہ براڈ اور سوان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات کیون پیٹرسن کی سنچری تھی۔ انہوں نے 113 رنز بنائے اور سٹارک کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

ایلسٹر کک سات چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر سات وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور جو روٹ نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔

دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے۔

Image caption آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مائیکل کلارک نے 23 چوکوں کی مدد سے 187 رنز بنائے۔

اس سے پہلے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن چائے کے وقفے پر آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف 7 وکٹوں کے نقصان پر 527 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈیکلئیر کر دی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مائیکل کلارک اور سٹیون فِن نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور پر مذید 50 رنز کا اضافہ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مائیکل کلارک نے 23 چوکوں کی مدد سے 187 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے دوسرے نمایاں بلے بازوں میں سٹیون فِن نے 89، کرس راجرز نے 84 جبکہ بریڈ ہیڈن نے 65 اور مچل سٹارک نے 66 رنز بنائے۔

بریڈ ہیڈن اور مچل سٹارک نے آٹھویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔

میچ کےدوسرے دن آسٹریلیا کو چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 343 رنز کے مجموعی سکور پر سٹیون فِن 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

365 رنز کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب ڈیوڈ وارنر پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے سوان نے چار جبکہ بریسنن اور براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے تھے۔

پہلے دن کی خاص بات آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک اور سٹیون فِن کی شاندار بیٹنگ تھی۔

دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 214 رنز بنائے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسی بارے میں