یوسین بولٹ نے عالمی ٹائٹل جیت لیا

Image caption یوسین بولٹ امریکی جسٹن گیٹلن سے ریس کے آخری مراحل میں نکلے

روس کے دارالحکومت ماسکو میں کھیلے جانے والی ورلڈ چیمپیئن شپ میں اولمپک چیمپیئن یوسین بولٹ نے سو میٹر ریس جیت لی ہے۔

جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ نے 9.77 سیکنڈز میں یہ ریس مکمل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

یوسین بولٹ امریکی جسٹن گیٹلن سے ریس کے آخری مراحل میں نکلے۔ جسٹن نے یہ ریس 9.85 سیکنڈز میں مکمل کی۔

یوسین بولٹ نے ایک بار پھر بہترین ایتھلیٹ ہونے کا ثبوت دیا جب انہوں نے یہ ریس تیز بارش میں جیتی۔

یوسین بولٹ نے بی بی سی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں خوش ہوں لیکن میں بہتر کرنا چاہتا تھا۔ معلوم نہیں کیوں سیمی فائنل کے بعد میری ٹانگیں درد کر رہی تھیں۔ لیکن مجھے ورلڈ ریکارڈ تو قائم کرنا نہیں تھا اس لیے میں جیتنے پر ہی خوش ہوں۔ اور ویسے بھی جمیکا میں لوگ مجھ سے کم از کم جیت کی ضرور توقع رکھتے ہیں۔‘

جسٹن جنہوں نے جون میں روم میں یوسین بولٹ کو ہرایا تھا کا کہنا تھا ’میں یوسین کے قریب آ رہا ہوں۔ میں اپنی کارکردگی سے بہی خوش ہوں۔ میں آخری تیس میٹر پر آہستہ ہو گیا تھا جو کہ میں روم میں نہیں ہوا تھا۔‘

امریکی ایتھلیٹ جسٹن نے کہا ’بولٹ ریس کے آغاز پر خاص توجہ دے رہا ہے۔ روم میں اس کا آغاز بہترین تھا اور اوپر سے اس کا قد چھ فٹ پانچ انچ ہے۔‘

اسی بارے میں