انگلینڈ نے ایشز سیریز جیت لی

Image caption سٹورٹ براڈ نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں

ایشز سیریز کے چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 74 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

ڈرہم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا کو فتح کے لیے 299 رنز کا ہدف ملا لیکن اس کی پوری ٹیم 224 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار فاسٹ بولر سٹورٹ براڈ نے ادا کیا جنہوں نے دوسری اننگز میں چھ اور مجموعی طور پر میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو انگلش ٹیم دوسرے سیشن میں 330 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلش اننگز کی خاص بات ایئن بیل کی ایک اور شاندار سنچری تھی۔ وہ 113 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ریان ہیرس نے سات اور نیتھین لیون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

299 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو اچھا آغاز ملا اور اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے کرس راجرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 109 رنز بنائے۔

ایک موقع پر آسٹریلیا کے 168 رنز پر صرف دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے اور یوں لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا یہ میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہے تاہم اس موقع پر سٹورٹ براڈ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

انہوں نے دوسری اننگز میں 50 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کے علاوہ ٹم بریسنن اور گریم سوان نے دو، دو کھلاڑوں کو آؤٹ کیا۔

جمعے کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 238 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 270 رنز بنا کر پہلی اننگز میں 32 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔

پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں اب انگلینڈ کو تین صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اس سے قبل ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو چودہ جبکہ لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں تین سو سینتالیس رنز سے ہرایا تھا۔

مانچسٹر میں کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ بےنتیجہ رہا تھا۔

اسی بارے میں