لیورپول: سواریز کی ٹریننگ کے لیے واپسی

Image caption چھبیس سالہ سواریز نے اس سے قبل این فیلڈ چھوڑنے کا کہا تھا

برطانوی کلب لیور پول کے سٹرائیکر لیوس سوریز نے کلب کے مینیجر برینڈن روجرز کے ساتھ بات کرنے کے بعد کلب کی فرسٹ ٹیم کے ساتھ جمعے کو پریکٹس کی۔

چھبیس سالہ سواریز نے اس سے قبل این فیلڈ چھوڑنے کا کہا تھا۔

جمعرات کو سواریز یوراگوائے کی ٹیم کی جانب سے جاپان کے ساتھ میچ کھیلنے کے بعد واپس لوٹے۔

ان پر گزشتہ ہفتے ٹیم مینیجر پر الزام لگانے کے بعد اکیلے پریکٹس کرنے کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

سواریز نے ٹیم مینیجر برینڈن روجرز پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے وعدے سے منحرف ہوئے ہیں۔

برینڈن روجرز نے اس قبل کہا تھا کہ وہ سواریز کو اسی صورت میں بحال کریں گے جب وہ اپنے رویے پر معذرت کریں گے۔

سواریز کے لیے آرسنل نے دو بار بولی لگائی ہے اور انہوں نے برملا اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ ایک چمپئین لیگ کلب میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

لورپول کا یہ موقف ہے کہ وہ سواریز کو فروخت نہیں کرنا چاہتے۔

روجرز نے جمعرات کو کہا کہ ’وہ سواریز کے بارے میں اب مزید بات اس وقت تک نہیں کریں گے جب تک وہ بحال ہو کر واپس نہیں آ جاتے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس وقت ان کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں جو اس ہفتہ آخر کے لیے دستیاب ہیں‘۔

گزشتہ ہفتے میں ہی سواریز نے یوراگوائے کے ایک مقامی اخبار کو بتایا تھا کہ وہ اب لورپول میں ہی رکیں گیں اپنے شائقین کی محبت کی وجہ سے۔

اسی بارے میں