آرمسٹرانگ سنڈے ٹائمز کے ساتھ معاہدے پر رضامند

Image caption سنڈے ٹائمز نے سنہ 2004 میں لانس آرمسڑانگ پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کا الزام لگایا تھا

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے اعلان کیا ہے کہ امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ اس کے ساتھ دس لاکھ پاؤنڈ ہرجانے سے متعلق معاہدہ کرنے پر رضا مند ہو گئے ہیں۔

اخبار کا کہنا ہے کہ وہ امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ کے ساتھ ’باہمی رضامندی کے حمتی حل‘ تک پہنچ گئی ہے۔

اخبار کے مطابق وہ آرمسٹرانگ کے ساتھ معاہدے پر خوش ہے تاہم اس کی تفصیلات کو خفیہ رکھا جائے گا۔

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے سنہ 2004 میں لانس آرمسڑانگ پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کا الزام لگایا تھا تو انھوں نے ہتکِ عزت کا مقدمہ کر کے اخبار سے تین لاکھ پاؤنڈ وصول کیے تھے۔

امریکی حکام نےگزشتہ سال لانس آرمسٹرانگ کو ممنوعہ ادویات کے استعمال کا مجرم قرار دیتے ہوئے ان پر سائیکلنگ میں حصہ لینے کی تاحیات پابندی بھی لگا دی تھی جس کے بعد برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے آرمسٹرانگ سے تین لاکھ پاؤنڈ کے علاوہ اس کیس پر اٹھنے والے اخراجات بمعہ سود واپس ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کے چیف سپورٹس رپورٹر نے پہلی بار سنہ 1999 میں ٹور دی فرانس کا اعزاز جیتنے کے بعد آرمسٹرانگ کی کارکردگی پر سوال اٹھایا تھا۔

سنڈے ٹائمز نے سنہ 2004 میں ایک مضمون شائع کیا جس میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ آرمسٹرانگ کی کارکردگی پر اٹھنے والے سوالات کے آرمسٹرانگ جواب دینے کے پابند ہیں۔

اس مضمون کے بعد آرمسٹرانگ کے وکلاء نے اخبار کے خلاف ایک مقدمے میں موقف اختیار کیا تھا کہ اس کا مقصد آرمسٹرانگ کو جھوٹا قرار دینا تھا۔

کھیلوں میں ممنوعہ ادویات سے متعلق امریکہ کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی ’یو ایس اے ڈی اے‘ نے گزشتہ سال لانس آرمسٹرانگ کو ممنوعہ ادویات کے استعمال کا مجرم قرار دیتے ہوئے ان کے سات ٹور ڈی فرانس اعزازات سے منسوخ کر دیے تھے اور ان پر سائیکلنگ میں حصہ لینے کی تاحیات پابندی بھی لگا دی تھی۔

یو ایس اے ڈی اے نے اپنی ایک ہزار صحفوں پر مشتمل رپورٹ میں کہا تھا کہ لانس آرمسٹرانگ اور ان کی ٹیم نے ڈوپنگ کا ایسا ’جدید، پیشہ ورانہ اور کامیاب‘ طریقہ اپنایا جو اب تک کھیل کی دنیا میں دیکھنے کو نہیں ملا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اکتالیس سالہ آرمسٹرانگ ڈوپنگ کے معاملے میں مسلسل دھوکہ دہی میں ملوث رہے ہیں۔

آرمسٹرانگ نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی تاہم انھوں نے خود پر عائد ہونے والے الزام کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آرمسٹرانگ نے رواں برس جنوری میں امریکی ٹی وی کے مقبول پروگرام اوپرا ونفری شو میں انٹرویو دیتے ہوئے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

اسی بارے میں