پاکستان 2014 کے عالمی کپ سے باہر ہو گیا

ملائشیا میں جاری نویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان آئندہ سال نیدرلینڈز میں ہونے والے ہاکی کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا۔

ملائشیا کے شہر اپوہ میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی کوریا نے پہلے ہاف کے پندرہوں منٹ میں سبقت حاصل کی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر جنوبی کوریا کو پاکستان کے خلاف ایک گول کی برتری حاصل تھی۔

میچ کے دوسرے ہاف کے شروع میں جنوبی کوریا نے دوسرا گول کر کے اپنی پوزیشن کو مستحکم کر لیا تاہم پاکستان کی جانب سے محمد عمران نے پینالٹی کارنر پر پہلا گول کیا۔

پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف میچ برابر کرنے کی کوشش کی تاہم اس کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔

پاکستان نے نویں ایشیا کپ کے پہلے میچ میں جاپان کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے، دوسرے میچ میں میزبان ملک کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے اور تیسرے میچ میں چین کو صفر کے مقابلے میں تیرہ گول شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

چوبیس اگست سے یکم ستمبر تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنھیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان، ملائشیا، جاپان اور چین جبکہ گروپ بی میں کوریا، بھارت، اومان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔

یہ ٹورنامنٹ اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ اس کی فاتح ٹیم سنہ 2014 میں نیدرلینڈز میں ہونے والے ہاکی کے عالمی کپ میں حصہ لینے کی اہل ہوگی۔

اسی بارے میں