’ہمیں پاکستان کے صرف دو کھلاڑیوں نے ہرایا‘

Image caption سیریز کا پہلے ٹیسٹ میچ پاکستان نے یونس خان کی ڈبل سنچری اور سعید اجمل کی گیارہ وکٹیں کی وجہ سے آسانی سے جیت لیا تھا

ہرارے میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر زمبابوے نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے ہیں۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر اوٹیسا اور چتارا کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 14 اور صفر رنز بنایا تھا۔

زمبابوے کی جانب سے ٹینو ماوویو اور سیباندہ نے اننگز کا آغاز کیا۔

زمبابوے کا آعاز اچھا نہ تھا اور 31 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے ابتدائی دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

زمبابوے کی جانب سے ہیملٹن مسکادزا نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 جبکہ برینڈن ٹیلر نے 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3 ، راحت علی نے 2 ، عبدالرحمان نے 2 اور سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

ہرارے میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 221 رنز سے شکست دی تھی۔

زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر جو نجی وجوہات کی بنا پر پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے، دوسرے میچ میں ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔

منگل کی صبح ٹاس کے وقت برینڈن ٹیلر نے پہلے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے کہا ’ہمیں بنیادی طور پر پاکستان کے دو کھلاڑیوں سعید اجمل اور یونس خان نے ہرایا‘۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں یونس خان نے چوتھی اننگز میں ناقابلِ شکست ڈبل سنچری جبکہ سعید اجمل نے مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے گذشتہ ٹیسٹ میچ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

پاکستان زمبابوے کے دورے میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز دو ایک سے جبکہ دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت چکا ہے۔

اسی بارے میں