مائیکل کلارک کی کمر کی تکلیف کا جائزہ

Image caption مائیکل کلارک نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے دوران 10 اننگز میں 47.62 کی اوسط سے 381 رنز بنائے تھے

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک کی انگلینڈ کے دورے سے واپسی پر ان کی کمر کی تکلیف کا جائزہ لے گا۔

بتیس سالہ کلارک کو اپنے کیرئیر کے دوران کمر کی تکلیف کا سامنا رہا ہے اور اسی وجہ سے انھوں نے رواں برس انگلینڈ میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کو رواں برس اکیس نومبر سے شروع ہونے والی ایشز سیریز سے پہلے آئندہ ماہ بھارت میں سات ایک روزہ میچوں پر مشتمل سریز کھیلنی ہے۔

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیرن لیہمن کا کہنا ہے کہ کلارک کے سکین ٹیسٹ کیے جائیں گے جس کے بعد یہ دیکھا جائے گا کہ وہ سو فیصد تندرست ہیں یا نہیں۔

حالیہ مہینوں میں آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی کاررکردگی اچھی نہیں رہی اور وہ انگلینڈ میں کھیلی جانے والی آئی سی چیمپنئز ٹرافی میں اپنے گروپ میں آخری نمبر پر رہی اور اس کے بعد اسے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیزیز میں بھی تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مائیکل کلارک نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے دوران 10 اننگز میں 47.62 کی اوسط سے 381 رنز بنائے تھے۔

مائیکل کلارک کی کمر کی تکلیف انگلینڈ کے خلاف نیٹ ویسٹ سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ سے پہلے دوبارہ ظاہر ہوئی تھی تاہم انھوں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے ساتھ ساتھ اس میچ میں 75 رنز بنائے تھے۔

اسی بارے میں