پاکستانی ٹیم چیمپیئنز لیگ ٹی 20 سے باہر

مصباح الحق (تصویر بشکریہ بی سی سی آئی)
Image caption مصباح الحق کی نصف سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آ سکی

بھارت میں جاری ٹی 20 کرکٹ کے چیمپیئنز لیگ مقابلوں میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم فیصل آباد وولفز کا سفر کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہی اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

بدھ کی رات کھیلے گئے دوسرے کوالیفائنگ میچ میں فیصل آباد وولفز کو آئی پی ایل کی ٹیم حیدرآباد سن رائزرز کے ہاتھوں سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یوں وہ لگاتار دوسرے کوالیفائنگ میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔

موہالی میں کھیلے جانے والے میچ میں فیصل آباد وولفز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔

اس میچ میں اوپنرز نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز دیا لیکن اس کے بعد یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گرنے سے سکور بنانے کی رفتار کم ہوگئی۔

بعد میں کپتان مصباح الحق نے پانچ چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ایک بڑے سکور تک لے جانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔

یہ مصباح کی اس ٹورنامنٹ میں دوسری نصف سنچری تھی۔

جواب میں حیدرآباد سن رائزرز کی جانب سے کپتان شیکھر دھون اور پارتھو پٹیل نے نو اوورز میں 70 رنز کا آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی۔

دھون نے بھی ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری بنائی اور وہ 59 رنز بنا کر عمران خالد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

شیکھر دھون کے علاوہ پارتھو پٹیل نے 23 اور جے پی ڈومینی نے 20 رنز کی اننگز کھیلی اور سن رائزرز نے مطلوبہ ہدف اٹھارویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ ابتدائی راؤنڈ میں سن رائزرز کی لگاتار دوسری جیت ہے اور اس نے ٹورنامنٹ کے مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

اسی بارے میں